انسان نے ہی انسانیت کو شرمادیا، بغیر اجرت مزدوری سے انکارپر پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈ رنے غریب نوجوان کے دونوں ہاتھ کاٹ ڈالے
PTI Ticket Hold Cut off the hands of Poor Young Employee
انسان نے ہی انسانیت کو شرمادیا، پی ٹی آئی کے شکست خوردہ ٹکٹ ہولڈر نے مفت مزدوری کرنے سے انکار پر 16سالہ غریب نوجوان کے دونوں ہاتھ کاٹ دیئے اور تین ماہ تک قید کیے رکھا، بیٹے کو ملنے جانیوالے باپ کو بھی باندھ لیا لیکن موقع پا کر دونوں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم بااثر ملزمان کے ڈر کی وجہ سے پولیس کو رپورٹ کرنے سے بھی گریزاں ہیں ، ڈی پی او شیخوپورہ نے قانونی کارروائی کیلئے پولیس پارٹی متاثرین کے گھر بھجوادی ۔
دنیا نیوز کے مطابق حافظ آباد کے نواحی گاﺅں بچھوکی کے سابق یوسی ناظم اور پی ٹی آئی کے شکست خوردہ امیدوار برائے یوسی چیئرمین رانااسرار کے ہاں مانانوالہ کے رہائشی ابوبکر نے بغیر اجرت کام کرنے سے انکار کردیا اور چھوڑ کر گھر آگیا، ملزمان زبردستی ابوبکر کو اپنے ساتھ لے گئے لیکن کچھ عرصہ معاملہ افہام و تفہیم سے چلنے کے بعد ایک مرتبہ پھر ابوبکر نے کام سے انکار کیا تو رانا اسرار اور اس کے ساتھی آپے سے باہر ہوگئے اور انا کا مسئلہ بنا کر ابوبکر کے دونوں ہاتھ چارے والی مشین میں ڈال کرکاٹ ڈالے تاکہ یہاں نہیں تو پھر کہیں بھی کام کے قابل نہ رہے ۔ ابوبکر کے دونوں ہاتھوں سے محروم ہوجانے کے بعد نجی کلینک اور ڈاکٹر کو ڈیرے پر بلایاجاتارہاجہاں مرہم پٹی ہوتی رہی ، کچھ عرصہ بعد جب ابوبکر کا والد صدیق ملنے گیاتو معاملہ سامنے آیا، ملزمان نے دونوں کو ہی قید کرلیا تاہم موقع پر دونوں فرار ہوکر اپنے گاﺅں پہنچ گئے ۔ صدیق نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ ان کی داد رسی کی جائے ۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان کے خوف کی وجہ سے متاثرین کہیں بھی نہیں جاپارہے کہ کسی قانونی کارروائی کی کوشش میں جان ہی نہ چلی جائے کیونکہ پہلے بھی وہ مانانوالہ سے ہی اٹھا کر لے جاچکے ہیں ۔ ڈی پی او شیخوپورہ سہیل احمد چٹھہ نے بتایاکہ تاحال کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی تاہم پولیس کی ٹیم متاثرہ فیملی کے گھر بھجوادی ہے ۔
بعدزاں وزیراعلیٰ پنجاب نے اس خبر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق ضروری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی ۔