26سال پہلے رینجرز کو لانے والے قائم علی شاہ ہی تھے،امن رینجرز نے ہی لانا ہے تو حکومت کس کام کیلئے ہے ؟ بی بی سی
قائم علی شاہ نے 1989ءمیں امن وامان کیلئے رینجرز کوکراچی بلایا تھا آج بھی قائم علی شاہ ہی وزیر اعلیٰ ہیں .26برس گذر گئے، وفاق میں 13 وزرائے داخلہ اور سندھ میں 14 حکومتیں گذر گئیں مگر رینجرز کیا آئے کہ پھر نہ گئے۔ پاکستان کا کوئی اور شہر ایسا نہیں جہاں رینجرز کا اتنا طویل اور مسلسل قیام ہومگر کراچی کا امن کیا رینجرز کی موجودگی سے ہی مشروط رہے گا ؟ اگر یہی کارِ مملکت ہے تو بے کار مملکت کیا ہوتی ہے ؟
بی بی سی کے مطابق ان 26 برسوں میں رینجرز کی موجودگی کے باوجود کراچی میں 10ہزار سے زائد شہری قتل ہوئے۔حالانکہ 1992 ءاور 1994ء کے بعد کراچی اس وقت تیسرے آپریشن سے گذر رہا ہے۔ان 26 سالوں میں صوبہ سندھ کے بجٹ میں امن و امان کے قیام پر اگر اوسطاً دس ارب روپے سالانہ بھی خرچ ہوئے ہوں تو اس اعتبار سے اب تک کم ازکم 260 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔جب پہلی بار رینجرز کو طلب کیا گیا تو خیال یہ تھا کہ امن و امان کی صورتِ حال بہتر ہوتے ہی انھیں اصل کام یعنی سرحدوں کی حفاظت پر بھیج دیا جائےگا۔اس دوران رینجرز کی موجودگی سے ملنے والی مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس کی تنظیمِ نو کر لی جائے گی تاکہ مستقبل میںرینجرز طلب کرنے کی ضرورت ہی نہ رہےلیکن آج بھی پولیس کی کم و بیش وہی حالت ہے جو 26 برس پہلے تھی۔ دونوں اداروں کا مقصد کراچی میں قیامِ امن کا حصول تھا اور ہے لیکن دونوں اداروں میں پیشہ ورانہ رابطہ کاری اور تعاون اتنا ہی ہے جتنا کسی برہمن اور ہریجن کے درمیان ہو سکتا ہے۔
Post a Comment