بدترین سپر اوور کا ریکارڈ پاکستان کے نام
شارجہ: قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سپر اوور میں کم ترین اسکور کا بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
شارجہ میں پیر کو کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 155 رنز کا ہدف دیا تاہم متعدد اتار چڑھاؤ کے بعد پاکستانی ٹیم بھی مقررہ اوورز میں 154 رنز ہی بنا سکی اور میچ ٹائی ہو گیا۔
اس کے بعد میچ کا فیصلہ قانون کے مطابق سپر اوور پر کیا گیا، یہ پہلا موقع تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم نے کسی ٹی ٹوئنٹی میچ کو ٹائی کیا ہو.
پاکستانی ٹیم سپر اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر صرف تین رنز بنا سکی جبکہ کپتان شاہد آفریدی تین گیندوں پر کوئی بھی رن نہ بنا سکے۔
انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میں اب تک ہونے والے مقابلوں میں سپر اوور میں کسی بھی ٹیم کا یہ سب سے کم اسکور ہے۔
انگلینڈ نے چار رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کر کے میچ میں فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 3-0 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
میچ میں ڈیبیو کرنے والے پاکستان کے عامر یامین نے اپنی پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے گیارہویں باؤلر ہیں، آسٹریلیا کے مائیکل کیسپرووچ نے سب سے پہلے یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔
انگلینڈ نے سال 2015 میں چار ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے اور چاروں میں فتح حاصل کی، یہ پہلا موقع ہے کہ انگلینڈ نے کسی سال تین ٹی ٹوئنٹی میچ سے زائد کھیلے ہوں اور انہیں کسی میں شکست نہ ہوئی ہو۔
پاکستان کی متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بری کارکردگی کا سلسلہ مزید طوالت اختیار کر گیا ہے جہاں انہیں گزشتہ گیارہ میچوں میں سے صرف تین میں فتح نصیب ہوئی جبکہ بقیہ میں انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
پاکستان نے یو اے ای میں کل 23 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں جہاں اسے 10 میں فتح نصیب ہوئی جبکہ 13 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Post a Comment